شریف خاندان کیس کا فیصلہ، دفعہ 144 نافذ رینجرز طلب
احتساب عدالت کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آج سنائے جانے کا امکان ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے آج دارالحکومت اسلام آباد شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے احتساب عدالت جانے والے راستے ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے۔
سماعت کے موقع پر رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا اور سیکورٹی کے لیے 400 کے قریب پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آج سنائیں گے، یہ فیصلہ انہوں نے 3 جولائی کو محفوظ کیا تھا۔
دریں اثنا نواز شریف نے اس مقدمے کا فیصلہ آج سنانے کے خلاف درخواست دائر کی ہے جس میں اپیل کی گئی ہے کہ کیس کا فیصلہ سنانے کی تاریخ موخر کی جائے، عدالت نے یہ درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ہے اور آج فیصلہ سنانے سے قبل اس درخواست کی سماعت ہوگی۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو 14 سال قید اور جائیداد ضبطگی کی سزا ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ریفرنس میں نواز شریف، مریم، حسن اور حسین نواز کے ساتھ کیپٹن (ر) صفدر بھی ملزم نامزد ہیں۔ نواز شریف، ان کی بیٹی مریم اور داماد کیپٹن (ر) صفدر عدالت میں پیش ہوتے رہے تاہم حسن اور حسین نواز پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے عدم حاضری کی بنا پر انہیں اشتہاری قرار دیا۔
ایون فیلڈ ریفرنس پر 9 مہینے اور 20 دن جاری رہنے والی ٹرائل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز100 سے زائد مرتبہ احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔