Jul ۱۳, ۲۰۱۸ ۰۷:۱۷ Asia/Tehran
  • نواز شریف کے استقبال اور گرفتاری کی تیاریاں مکمل

احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج نجی ایئرلائن کی پرواز ای وائے 423 کے ذریعے وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔

پاکستان کے سابق نااہل اور مجرم وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ آج شام پاکستان پہنچیں گے۔ ان کی واپسی کی جہاں مسلم لیگ نے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں وہیں سکیورٹی فورسز نے بھی انہیں گرفتار کر کے جیل بھجوانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز رات ایک بجے لندن سے براستہ ابوظہبی لاہور کے لیے روانہ ہوں گے، ابوظہبی میں چند گھنٹے قیام کے بعد نجی ایئرلائن کا طیارہ لاہور کے لیے روانہ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 6 بجے کے قریب لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ شہباز شریف لوہاری گیٹ سے قافلے کی صورت میں لاہور ایئرپورٹ جائیں گے جبکہ (ن) لیگ کے انتخابی امیدوار مال روڈ اور ریگل چوک پر مرکزی جلوس میں شامل ہوں گے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے دوسرے شہروں سے آنے والے قافلوں کو سیدھا ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن نے لاہور ایئر پورٹ پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریاں کرلی ہیں، اے ایس ایف سمیت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے، اندرون اور بیرون ملک جانے والوں مسافروں کو چار گھنٹے پہلے پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے ، ایئر پورٹ کی حدود میں صرف ٹکٹ ہولڈرز کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹرسے اسلام آباد منتقل کیا جائے گا اس لئے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کے لیے نیب ٹیم نے اپنی تیاری مکمل کرلی ہے، دونوں کو گرفتار کر کے ہیلی کاپٹر سے اسلام آباد منتقل کیا جائے گا جبکہ نیب نے وزارت داخلہ سے ایئرپورٹ سے گرفتاری کی اجازت لے لی ہے۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سیکیورٹی خدشات اور موسم کی خرابی کے باعث جہاز کا رخ موڑا جاسکتا ہے، ایس او پی میں شامل چار میں سے کسی ایک وجہ پر بھی جہاز کا رخ تبدیل جاسکتا ہے۔

ٹیگس