پاکستان: الیکشن سے قبل سیاسی رہنماؤں کے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے
پاکستان میں جیسے جیسے انتخابات کی تاریخ نزدیک آ رہی ہے انتخابی مہم عروج پر پہنچتی جا رہی ہے اورسیاسی جماعتوں کے رہنما ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے بھی کر رہے ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مخلوط حکومت بنی تو ن لیگ یا پیپلز پارٹی سے اتحاد بنانے کے بجائے اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کو ترجیح دیں گےاس لئے کہ دونوں جماعتوں کے رہنما کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں،ان کے ساتھ حکومت بنانے سے بہتر ہے کہ اپوزیشن میں بیٹھا جائے، معلق پارلیمان ملک کے لئے بڑی بدقسمتی ہو گی۔
ادھرچیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ اور تحریک انصاف کالعدم اور دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ ہمارے خلاف اتحاد کرتے ہیں ان جماعتوں نے ہمیشہ دہشت گردوں کے ساتھ مل کر ہمارے خلاف انتخاب لڑا، کراچی میں ان جماعتوں کا گٹھ جوڑ سب کے سامنے ہے، مسلم لیگ (ن) کی تاریخ رہی ہے کہ وہ الیکشن کے نہیں سلیکشن کے عادی ہیں۔ سیاست میں انتہا پسندی کے حوالے سے کوئی حد طے کرنی پڑے گی۔
بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ نفرت کی سیاست نہیں چلے گی، نفرت کی سیاست سے ایک انتخاب تو جیتا جا سکتا ہے لیکن ملک کو اس سے بہت نقصان ہوگا۔