عمران خان نے وزیراعظم کےعہدے کا حلف اٹھا لیا
عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد عمران خان نےباضابطہ طور پر وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اب سے تھوڑی دیر قبل پاکستان کے 22 ویں وزیر اعظم کے عنوان سے اپنے عہدے کاحلف اٹھالیا۔ ان سے اس منصب کا حلف پاکستان کے صدر ممنون حسین نے لیا۔
22 سال کی جدوجہد کے بعد عمران خان پاکستان کے بائیسویں وزیرِاعظم بنے ہیں۔
حلف برداری کی تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں، اہم سیاسی، فوجی شخصیات، غیر ملکی مہمانوں اور کرکٹ کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پرہندوستان سے عمران خان کے دوست نوجوت سنگھ سدھو پاکستان آئے تھے۔ تقریب حلف برداری کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئےتھے۔
واضح رہے کہ کل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں کافی شورشرابے کے بعد قائد ایوان کا انتخاب عمل میں آیا۔ عمران خان کو 176 جب کہ شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے۔