Nov ۱۱, ۲۰۱۸ ۰۷:۵۴ Asia/Tehran
  • دنیا کوفعال اور مضبوط سلامتی کونسل کی ضرورت:پاکستان

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا ہے کہ پاکستان برابری اورجمہوری تقاضوں پر استوار سلامتی کونسل کا حامی ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ایک فعال اور مضبوط سلامتی کونسل کی ضرورت ہے، اجتماعیت کے جذبے سے سرشار اقوام متحدہ عالمی امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہوچکی ہے، اتفاق رائے اور وسیع عالمی مفاد پر سمجھوتے کمزوری نہیں دانائی کی علامت ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ چند ممالک کا طاقت کے استعمال کی دھمکی دینا عالمی اصولوں کے خلاف ہے، ہمیں احترام اور محبت کے بیج بونا ہوں گے جو جنگ کی کڑی دھوپ میں ٹھنڈی چھایا کا کام کریں نہ کہ نئی نسل کو گولہ بارود کی جنگ میں دھکیل دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اجتماعیت کو فروغ دے کر ہی مسائل کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ ان دنوں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کی دنیا کے تقریبا تمام ممالک نے مخالفت اور مذمت کی ہے۔

 

ٹیگس