اورکزئی دھماکہ بزدلانہ کارروائی
پاکستان کے صدر، وزیراعظم ،خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سمیت پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اورکزئی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں صوبے کا پرامن ماحول خراب کرنا چاہتی ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری،سنی اتحاد کونسل،تحریک اسلامی،جماعت اسلامی کی جانب سے اورکزئی میں دھماکے کی شدید مذمت کی گئی، انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ عمل ہے اور اس میں ملوث لوگ بھیڑیے ہیں۔ اورکزئی ایجنسی میں دہشت گردی کا واقعہ پوری قوم کے لئے سانحہ ہے، امتحان کی گھڑی میں پوری قوم متحد ہے، دھماکے کے زخمیوں کے بہترین علاج کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
واضح رہے کہ کل کلایا بازار میں واقع مدرسے کے باہر بم دھماکے کے نتیجے میں 33افراد شہید جب کہ 55 سے زائد زخمی ہوگئےزخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیاگیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاہم کسی بھی گروپ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔