پاکستان کو امریکہ اپنی خود مختاری سے زیادہ عزیز نہیں: شیریں مزاری
پاکستان کا کہنا ہے کہ اس نے امریکہ کا اتحادی بن کر بے شمار قربانیاں دیں۔ لیکن امریکہ نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف کئے جانے والے پاکستان کے اقدامات اور قربانیوں کو بے ثمر کرتے ہوئے الزامات لگائے، جس کے باعث پاک امریکہ تعلقات نزاع کا شکار ہی رہے۔
پاکستان کی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مہر النساء مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکہ کے ساتھ تعلقات اپنی خود مختاری سے زیادہ عزیز نہیں ہے۔ آج اگر پاکستان عزت و احترام کے رشتہ کے تحت اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے چین کے ساتھ روابط مضبوط کر رہا ہے اور روس کے ساتھ فضائی اور دفاعی نظام کیلئے بات چیت کر رہا ہے تو امریکہ کو بھی چاہیے کہ پاکستان کے ساتھ برابری کے تعلقات قائم کرکے اسکے مفادات کا تحفظ کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 123 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھایا اور 75 ہزار جانوں کی قربانیاں دی ہیں، جبکہ امریکہ نے صرف بیس ارب ڈالر کی امداد دی۔ ٹرمپ کے الزامات کے بعد پاکستان کے بھرپور احتجاج پر امریکی میڈیا نے ٹرمپ کے پاکستان پر لگائے جانےوالے حالیہ الزامات پر شدید تنقید کی کہ امریکہ نے پاکستان کو بھڑکا کرعقلمندی نہیں کی ہے۔
شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے برسراقتدار آنے کے بعد نہ صرف امریکہ کی خارجہ پالیسی کھل کر بے نقاب ہوئی بلکہ بری طرح ناکام بھی ہوئی اس لئے امریکہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر گرانا چاہتا ہے۔