Aug ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۹:۵۸ Asia/Tehran
  • عارف: ایران نے عالمی منڈیوں تک پڑوسیوں کی دسترسی کے لئے ضروری انتظامات کررکھے ہیں

سینیئر نائب صدر محمد رضا عارف نے ایران کی نقل وحمل کی گنجائشوں اور 20 ملین ٹن ٹرانزٹ کی ریکارڈ سہولت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران مشارکت پر مبنی علاقائی اور بین الاقوامی ٹرانزیکشن پر یقین رکھتا ہے

سحرنیوز/ایران:   سینیئر نائب صدر محمد رضا عارف نے ترکمنستان کے شہر آوازہ میں، ان ترقی پذیر ملکوں کی تیسری بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کیا  جو خشکی سے گھرے ہوئے ہیں یعنی سمندر سے متصل نہیں ہیں۔

انھوں نے اس کانفرنس سے خطاب میں، جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور مختلف ملکوں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی، کہا کہ امریکا نے ایران کے خلاف صیہونی جارحیت کی حمایت اور خود بھی ایران کے پر امن ایٹمی مراکز پر براہ راست جارحیت کرکے مذاکرات کی میز کو تہس نہس کردیا۔    

ایران کے سینیئر نائب صدر محمد رضآ عارف نے کہا کہ امریکا نے اپنی اس جارحیت سے ثابت کردیا کہ وہ خود اور اس کے وعدے قابل اعتماد نہیں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہرگز جنگ شروع کرنے والا نہیں ہے لیکن جارح کے مقابلے میں اپنی ارضی سالمیت کا پوری طاقت سے دفاع کرتا ہے اور امریکا و صیہونی حکومت کی جارحیت میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ  چاہتا ہے۔

 ایران کے سینیئر نائب صدر محمد رضاعارف نے دنیا کے سب سے زیادہ محصور علاقے غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ٹکڑا روٹی اور ایک گھونٹ پانی کے منتظر بھوکے لوگوں پر حملہ، جنگی اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔

انھوں نے کہا  کہ  عالمی برادری اور انسانی حقوق کے   ان ہزاروں لوگوں کے خون ناحق کے لئے جواب دہ ہیں جو انسان دوستانہ امداد کی تقسیم کے مراکز پر امریکا اور صیہونی حکومت کے بچھائے ہوئے موت کے  جال میں پھنس کر  اپنی جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔

ایران کے نائب صدر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے  نقل و حمل کی صلاحیتوں اورٹرانزٹ کے لحاظ سے اس کی ممتاز اور اسٹریٹجک  پوزیشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خشکی سے گھرے اس خطے کے ملکوں کی سمندروں تک دسترسی فراہم کرنے پر قادر ہے۔    

 

ٹیگس