Dec ۲۵, ۲۰۱۸ ۰۸:۰۸ Asia/Tehran
  • نواز شریف کی سزا پر پاکستان میں ملا جلا ردعمل

پاکستان کے سابق نااہل ہونے والے وزیراعظم نواز شریف کی سزا پر پاکستان میں ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کی سزا پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئےکہا کہ احتساب کا عمل ملکی ترقی کے لئے انتہائی ضروری ہے، نواز شریف کے خلاف فیصلے سے سچ سامنے آگیا ہے، حکمرانوں نے اقتدار میں آکر صرف دولت بنائی، صرف 10 سال میں 24 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کی قید کی سزا کو سیاہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتوں کو بند کرکے بندوقیں تان کر فیصلہ سنایا گیا۔

نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس کے فیصلے کے موقع پر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا سہارا لیتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

مریم نوازنے کہا کہ آج کا فیصلہ نوازشریف کی امانت، صداقت اور دیانت پر ایک اور مہر ہے جب کہ ایک ہی شخص کو چوتھی بار سزا اندھے انتقام کی آخری ہچکی ہے مگرفتح نواز شریف کی ہے۔

واضح رہے کہ کل احتساب عدالت نے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سناتے ہوئے ڈیڑھ ملین برطانوی پاؤنڈ اور 25 ملین ڈالر (ساڑھے 3 ارب روپے) جرمانہ بھی عائد کیاتھا تاہم دوسرے ریفرنس فلیگ شپ میں انہیں بری کردیا گیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے نیب ریفرنس میں سزا ہونے کے بعد کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو پتھر کے لوگ ہیں یہ دکھ سہہ لیں گے۔

 

ٹیگس