علی رضا عابدی کے قتل کی گھتیاں سلجھنے لگیں
پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ علی رضا عابدی کے قتل کے واقعے کی کڑیاں مل رہی ہیں اور مجرم جلد گرفتار ہوں گے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کریں گے اور اس حوالے سے حکومت و اپوزیشن میں مکمل اتفاق رائے ہے، علی رضا عابدی کے قتل کے واقعے کی کڑیاں مل رہی ہیں اور مجرم جلد گرفتار ہوں گے، ہر زوایہ سے تحقیقات کی جارہی ہیں، باہر کے اور اندر کے تمام عناصر کو دیکھا جارہا ہے۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے اس پیغام کے ساتھ کراچی بھیجا ہے کہ شہر قائد کے امن کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے، واقعے میں ملوث ہر ملزم اور سہولت کار کو گرفتار کریں گے چاہے وہ باہر کا ہو یا اندر کا شخص ہو۔
واضح رہے کہ دوروز قبل کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے علی رضا عابدی جاں بحق ہو گئے تھے۔