Jan ۰۵, ۲۰۱۹ ۱۱:۰۲ Asia/Tehran
  • گلگت بلتستان پاکستان کی فطری دفاعی لائن: علامہ ناصرعباس

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے وفد کے ہمراہ، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے میں حکومت اپنا کردار ادا کرے۔ گذشتہ حکمرانوں نے اس خطے کے عوام کو نظرانداز کیا، جس کے سبب وہاں کے عوام کی مایوسی میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کی فطری دفاعی لائن ہے، وقت آگیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو فاٹا کی طرح قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جی بی کے وسائل پر سب سے زیادہ حق وہاں کےعوام کا ہے۔

راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں نون لیگ کی حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کو فی الفور روکا جائے۔ شیڈول فور کے تحت درجنوں محب وطن شخصیات کو ہراساں کیا جا رہا ہے، ایسے غیر قانونی اورغیرآئینی اقدامات کے خلاف وفاقی حکومت فوری نوٹس لے۔

اس موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کے لئے سنجیدہ ہے اور بہت جلد خطے کے عوام کے لئے خوشخبری دیں گے۔ ملک کے لئے وہاں کے غیور عوام کی والہانہ محبت اور قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

ٹیگس