امریکہ اتنی عزت کا حق دار نہیں
پاکستان کی سابق وزیرِ خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکا سے روابط بہتر کرنے سے پہلے اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے چاہیے۔
وفاقی دارالحکومت میں پاک امریکا تعلقات سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان میں امریکا کو جتنی عزت دی جاتی ہے وہ اتنی عزت کا حق دار نہیں ہے کیونکہ ہماری معیشت امریکی امداد پر انحصار نہیں کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے آپ کو ایک اسٹریٹیجک پارٹنر تصور کرتا ہے لیکن یہ حقیقت سے بہت دور ہے۔
حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے اہم ترین ممالک اس کے پڑوسی ایران ، افغانستان، ہندوستان اور چین ہیں اور امریکا سے تعلقات بہتر بنانے کے بجائے پہلے ان ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد نے کسی ملک کا اسٹریٹجک پارٹر بننے کے بجائے خاموش ریاست کا کردار ادا کیا ہے۔