سیاستدانوں کے مقدمات نیب کے بجائے پارلیمانی کمیٹی چلائے، زرداری
پاکستان کی اپوزیشن جماعت کے رہنما آصف علی زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کو گرانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے پاکستان کے سابق صدر اور اپوزیشن کی جماعت پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کو اندر سے ہی دیمک کھا رہی ہے اور اسے ہم نہیں گرائیں گے بلکہ یہ خود گرے گی۔
پاکستان کو ملنے والی بین الاقوامی امداد کے حوالے سے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اس امداد سے تمام معاشی معاملات ٹھیک نہیں ہوں گے۔ انہوں نے حکومت پر بغیر سوچے سمجھے فیصلے کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک ناکام ریاست کی طرف بڑھا تو چین سمیت کوئی بھی ملک پاکستان کو نہیں بچائے گا کیونکہ ہر ملک کے اپنے مفادات ہوتے ہیں۔
انہوں نے ستاستدانوں کے خلاف مقدمات کے حوالے سے قومی احتساب بیورو کے کردار پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اس ادارے کے چیرمین سے پارلیمنٹ میں حاضر ہونے کا مطالبہ کیا۔
پاکستان کے سابق صدر نے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ ایسا قانونی پاس کریں جس کے نتیجے میں سیاستدانوں کے خلاف کیس کا جائزہ نیب سے پہلے پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے لیا جائے۔