Jan ۱۹, ۲۰۱۹ ۰۷:۵۲ Asia/Tehran
  • راحیل شریف سعودی فوجی اتحاد کی ملازمت کیلئے این او سی حاصل کرنے میں کامیاب

پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل(ر) راحیل شریف بالآخر سعودی فوجی اتحاد کی ملازمت کیلئے این او سی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

پاکستان کی وفاقی کابینہ نے سعودی عرب میں فوجی اتحاد کے سربراہ سابق آرمی چیف جنرل(ر) راحیل شریف کو بیرون ملک ملازمت کے لیے این او سی کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق راحیل شریف کو سعودی عرب میں فوجی اتحاد کی کمانڈ کے لئے این او سی درکار تھا اور  گزشتہ روز وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاک فوج کے سابق سربراہ کو این او سی دینے کی منظوری دی گئی۔

گزشتہ ماہ 15 دسمبر کو سپریم کورٹ نے دہری شہریت کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں جنرل(ر) راحیل شریف کو دیے گئے این او سی کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 15دسمبر کو دوہری شہریت کیس میں راحیل شریف کی بیرون ملک تعیناتی کا نوٹیفکیشن غیرقانونی قرار دیتے ہوئے فیصلے میں کہا تھا کہ غیرملکی شہریت کے حامل سرکاری ملازمین ریاست پاکستان کے مفاد کے لیے خطرہ ہیں، دوران ملازمت غیرملکی شہریت لینا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ملازمین کی بدنیتی ظاہر کرتا ہے، متعلقہ حکومتیں دہری شہریت والے ملازمین کی فہرستیں مرتب کرکے ان کے نام منفی فہرست میں ڈالیں، ایسے ملازمین کو ڈیڈلائن دیں اور ان کے خلاف کارروائی کریں۔

یاد رہے کہ پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے اپنی ملازمت کے بعد سعودی فوجی اتحاد میں شمولیت اختیار کی تھی جس کی پاکستان کے عوام،سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی جماعت نے بھرپور مخالفت کی تھی اور راحیل شریف کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اس اتحاد کا حصہ نہ بنیں بلکہ پاکستان کو یمن کی جنگ میں شامل ہونے کے بجائے ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہئیے۔

 

ٹیگس