پاکستانی عوامی کی جانب سے اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کی مبارک باد
پاکستان کے عوام نے ایران کے اسلامی انقلاب کی چالیسیویں سالگرہ کی آمد پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کی سڑکوں پر بینرز نصب کرکے ایرانی عوام کو عشرہ فجر اور اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ہے۔
ستر سالہ دوستی اور اخوت ایسے نعرے ہیں جو اسلام آباد اور راولپنڈی کی سڑکوں پر نصب بینروں پر لکھے ہوئے ہیں۔
یہ بینرز ایران کے اسلامی انقلاب کی شاندار کامیابی کی چالیسویں سالگرہ کی آمد کی مناسبت سے لگائےگئے ہیں۔ ان بینروں پر ایک طرف اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینی رحمت اللہ علیہ اور رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی تصویریں ہیں تو دوسری جانب بانی پاکستان محمد علی جناح اور شاعرمشرق علامہ اقبال کی تصویریں لگی ہیں۔
ایران میں یکم فروری سےعشرہ فجر کا آغاز ہوچکا ہے انیس اناسی میں اسی تاریخ کو امام خمینی رحمت اللہ علیہ جلا وطنی کی زندگی بسر کرنے کے بعد وطن واپس تشریف لائے تھے۔
عشرہ فجر کی تقریبات گیارہ فروری تک جاری رہیں گی جب چالیس سال قبل اسی دن اسلامی انقلاب پوری طرح کامیابی سے ہمکنار ہوا تھا۔
گیارہ فروری کے ایام میں ایران میں ہرسال عشرہ فجر یا اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کا جشن منایاجاتا ہے۔