پاکستان میں تکفیری گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے ملک میں تکفیری گروہوں کی مکمل نابودی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ہنگو کے دورے کے موقع پر اپنے ایک بیان میں علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ تکفیری گروہ امریکہ، سعودی عرب اور اسرائیل کے آلہ کار ہیں اور شام، عراق، یمن اور فلسطین میں مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تکفیری گروہوں نے پاکستان میں بدامنی اور قتل و غارتگری کا بازار گرم کر رکھا ہے اور اگر انہیں لگام نہ دی گئی تو یہ ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل دیں گے۔
علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کے شیعہ مسلمانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اب بھی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور خاص طور سے شیعہ مسلمانوں کو تکفیری دہشت گرد گروہوں کے حملوں سے محفوظ رکھنا حکومت اور سیکورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی، جماعت الاحرار اور بعض دوسرے تکفیری دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں جو اب تک شیعہ مسلمانوں سمیت ہزاروں پاکستانیوں کے قتل میں ملوث رہے ہیں۔