ڈیل، ڈھیل اور این آر او ناممکن: عمران خان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس ہوا جس میں این آر او کے امکان کو ایک بار پھر رد کر دیا گیا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور این آر او کی بازگشت پر تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری ویڈیو بیان میں اس ملک کے وزیر اطلاعات و نشریات فؤاد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں کسی کو این آر او نہیں ملے گا، اجلاس میں متفقہ فیصلہ ہوا ہے کہ نہ تو کسی سے ڈیل ہوگی، نہ ڈھیل دی جائے گی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سینئر ارکان نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں شہباز شریف کے کردار پر شدید اظہار تشویش کیا، شہباز شریف نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں نیب کے لوگوں کو طلب کرکے دباؤ ڈالا، شہباز شریف، مسلم لیگ ن پی اے سی کو بدعنوانی مقدمات کے لئے ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ سعد رفیق کو اسی ڈھال کے لیے پی اے سی میں آنے کا کہا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا بدعنوانی کیسز کا سامنا کرنے والے عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔