Mar ۰۹, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۲ Asia/Tehran
  • پاکستان کو کوئی سپر پاور، غلام نہیں بنا سکتا: عمران خان

پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی سپر پاور یا بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ ہمیں غلام بنا لیں گے، یہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں ہم آخری دم تک لڑیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے تھر پارکر سندھ کے علاقے چھاچھرو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی سپر پاور ہمیں غلام نہیں بنا سکتا وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں ہم آخری دم تک لڑیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد کشمیریوں پر ظلم کیا گیا اور مشتعل ہجوم نے مسلمانوں پر تشدد کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بار بار واضح کیا کہ جنگ نہیں چاہتے ہم امن چاہتے ہیں اس لیے ہندوستانی پائلٹ کو رہا کیا۔

پاکستان کےوزیراعظم نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کسی مسلح گروہ یا کالعدم تنظیموں کو کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، جب سے ہماری حکومت آئی تو ہم نے اس معاملے پر کام کیا، اس کا صرف مقصد پاکستان کی بہتری ہے،  پاکستان کی زمین کو کسی قسم کی دہشتگردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ان کے پورے حقوق دیے جائیں گے، اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے برابر کے شہری  ہیں ان کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی یا ظلم نہیں ہونے دیں گے، نفرتوں اور تقسیم کرنے کی سیاست کو ختم کریں گے،اب وہ دور نہیں رہا کہ لوگوں کو تقسیم کرکے ووٹ حاصل کیے جائیں۔

 

ٹیگس