Mar ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۰:۴۳ Asia/Tehran
  • پاکستان: 23 مارچ قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

پاکستان میں آج قومی جوش و جذبے سے یوم پاکستان منایا جارہا ہے۔

 یہ دن 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کے  خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21  توپوں کی سلامی سے ہوا۔

صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مسائل پر کامیابی سے قابو پالیا ہے جبکہ ہندوستان کے وزیراعظم نے بھی یوم پاکستان کے موقع پربیان دیا ہے۔

عمران خان کی ٹویٹ کے مطابق  ہندوستان کے وزیرِاعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے قومی دن کے موقع پر اپنی مسرت اور بہترین خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ برِصغیر کے لوگ مل کر ایک جمہوری، پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال خطے کے لیے کام کریں اور ایسی فضا بنائیں جو تشدد اور دہشت سے پاک ہو۔

عمران خان نے اپنے ہندوستانی ہم منصب کے پیغام پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی کے پیغام کو خوش آمدید کہتا ہوں، اور میں سمجھتا ہوں یوم پاکستان کے موقع پر ہندوستان کے ساتھ جامع مذاکرات شروع کرنے کا وقت ہے۔

ٹیگس