پاکستان میں دہشت گردی وانتہا پسندی کی وجہ مغرب کی حمایت: فواد چوہدری
پاکستان کےوفاقی وزیر اطلاعات نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں مدارس میں پڑھایا گیا نصاب امریکا سے بن کر آیا تھا۔
اسلام آباد میں پالیسی ریسرچ میڈیا ورک شاپ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ میڈیا ٹیکنالوجی میں ہائیبرڈ وار فیئر کا دور ہے جس میں جنگیں بھی میڈیاکےذریعے لڑی جاتی ہیں اور اپنےنظریات دوسری قوموں پرمسلط کرنےکارجحان ہے، ہائبرڈ وار پروپیگنڈا کانام ہے اور پروپیگنڈا جنگ کے ٹول کے طور پر استعمال ہو رہا ہے، پی ٹی آئی پہلی جماعت ہے جس نے اپنا پیغام پہنچانے کیلئے سوشل میڈیا کو استعمال کیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی اور انتہا پسندی مغرب کی حمایت سے پھیلی، 1980ء میں پاکستان میں عسکریت پسند تنظیمیں بنیں اور افغان جہاد شروع ہوا، مدارس میں پڑھائے گئے نصاب امریکا کی نبراسکا یونی ورسٹی سے بن کر آئے تھے، پاکستان اس کام میں تنہا نہیں تھا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا موقف مضبوط لیکن پریزنٹیشن خراب تھی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پر امریکا میں پاکستان کا موقف بیان نہیں کیا گیا اور پاکستان اپنا بیانیہ موثرطور پر نہیں پہنچا سکا، 1971 میں ڈھاکا میں بین الاقوامی میڈیا پر پابندی لگاکر بہت بڑی غلطی کی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی ہم نے یہی غلطی دہرائی، ان پالیسیز سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا، مگر اب ہم نے پاکستان کو سیکیورٹی اسٹیٹ کی بجائے کھلی ریاست بنانا ہے اور بین الاقوامی میڈیا کو بلانا ہے۔