حکومت کو ختم کرکے رہیں گے: آصف علی زرداری
پاکستان کے سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ ہم چاہے جیل میں ہوں یا باہر ہر حال میں اس حکومت کو ختم کرکے رہیں گے۔
گڑھی خدابخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ کارکن تیاری کرلیں اب ان لوگوں کو اقتدار سے نکالنے کا وقت آگیا، ملک کی بہتری کے لیے اس حکومت کا خاتمہ ضروری ہے اس لیے ان لوگوں کو گھر بھیجنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ جب سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے، ڈالر کی قدر بڑھ گئی اور غریب کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہےاب حکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتے، اگر حکومت برقرار رہی تو پاکستان سو سال پیچھے چلا جائے گا۔
شریک چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ مجھے حکومت کرنے کا شوق نہیں ہے لیکن ملک کے مستقبل کے لیے موجودہ حکومت کا خاتمہ ضروری ہے، ہم چاہے جیل میں ہوں یا باہر ،ان کو حکومت سے نکال کر رہیں گے،کارکن تیاری کرلیں ، اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے ،سڑکوں پر رہیں گے اوراس حکومت کے خاتمے تک واپس نہیں آئیں گے۔