پاکستان معاشی بحران سے نکل گیا: اسد عمر
پاکستان کو آئی ایم ایف سے ملنے والا بیل آؤٹ پیکیج 3 سال کے لیے ہوگا جس میں پاکستان کو 6 ارب ڈالرز یا 9 ارب ڈالرز کا پیکج ملے گا۔
پاکستانی وفد وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں آئی ایم ایف سے ملاقات کے بعد کل پاکستان واپس پہنچ گیا، پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں، آئی ایم ایف وفد رواں ماہ پاکستان آئے گا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کو ملنے والا بیل آؤٹ پیکیج 3 سال کے لیے ہوگا، پاکستان کو 6 ارب ڈالرز یا 9 ارب ڈالرز کا پیکیج ملے گا تاہم فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے جب کہ بیل آؤٹ پیکیج پر دستخط اپریل میں ہی کرلیے جائیں گے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران آئی ایم ایف پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا کڑا معاشی وقت کبھی نہیں آیا، استحکام کے فیز میں ہیں بحران سے نکل گئے ہیں، پاکستان نے تاریخ میں اتنا زیادہ خساروں کا سامنا نہیں کیا، نوبت یہاں تک آ گئی تھی کہ 15 دنوں کے لیے ادائیگیوں کے پیسے موجود نہیں تھے تاہم اب پاکستان بحران کی کیفیت سے نکل چکا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ جب معاہدہ ہوگا میں خود کمیٹی میں آکر ڈرافٹ شیئر کروں گا، معاہدہ ہونے سے پہلے تفصیلات شیئر نہیں کی جاسکتیں جب کہ آئی ایم ایف کے ساتھ قرض کے معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد پتہ چلے گا کہ قرض کا حجم کتنا ہے۔