افغان تنازع سے افغانستان و پاکستان کونقصان پہنچا: عمران خان
پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان اب افغانستان میں کسی بھی اندرونی تنازع کا حصہ نہیں بنے گا، افغانستان میں تشدد کے بڑھتے واقعات سے پاکستان اضطراب میں ہے۔
افغانستان میں امن عمل کے حوالے سے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے تنازعات نے 40 سالوں سے دونوں ممالک کو بہت نقصان پہنچایا، طویل انتظار کے بعد افغان امن عمل خطے میں امن کے لیے ایک تاریخی موقع ہے، پاکستان افغانستان کے اندرونی مذاکرات کی مکمل حمایت کرے گا۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اب افغانستان میں کسی بھی اندرونی تنازع کا حصہ نہیں ہوگا، افغان قیادت خود اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی، افغانستان میں تشدد کے بڑھتے واقعات سے پاکستان اضطراب میں ہے، تشدد آمیز کارروائیوں سے افغان امن عمل متاثر ہوگا ۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان زبردستی کے مذاکرات میں مسئلے کا حل تلاش کرنے کے حق میں نہیں، پاکستان تمام جماعتوں کو وقت کی اہمیت کو تسلیم کرنے پر زور دیتا ہے، پاکستان نے امن عمل کی کامیابی کے لیے تمام سفارتی اور سیکیورٹی کوششیں کی ہیں۔