پاکستان: اسلام آباد میں ہنگامی حالت کا اعلان
پاکستان کی فوج نے گوادر کے پرل کانٹیننٹل پر دہشت گردانہ حملے کے بعد ہفتے کی رات دارالحکومت اسلام آباد کے بعض علاقوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ یہ اقدام اسلام آباد میں کچھ دہشت گردوں کے داخل ہو جانے کی اطلاع ملنے کے بعد عمل میں آیا ہے۔
پاکستانی فوج کے اعلان کے مطابق اسلام آباد کے مختلف تجارتی علاقوں میں سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔
پاکستانی فوج نے اسلام آباد کے عوام سے کہا ہے کہ وہ غیر ضروری رفت وآمد سے گریز کریں اور کوئی بھی مشکوک بات نظر آنے پر اس کی اطلاع فوری طور پر سیکورٹی اداروں کو دیں۔
ہفتے کی شام چار مسلح دہشت گردوں نے صوبے بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے پرل کانٹینینٹل ہوٹل پر حملہ کر دیا تھا جہاں سیکورٹی اہلکاروں سے ان کی جھڑپ بھی ہوئی۔
اگرچہ اس جھڑپ میں ہوٹل کا محافظ مارا گیا تاہم سیکورٹی اہلکاروں نے چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
بلوچ لبریشن آرمی نے اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے حملوں سے اسلام آباد کو دہشت گردی کے خلاف مہم سے نہیں روکا جاسکتا۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے ہفتے کی رات اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور قوم سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
انھوں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد گروہوں کے خلاف ایران اور پاکستان کی مشترکہ اور موثر مہم کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے ایران اور پاکستان دونوں ملکوں کے امن و امان اور ترقی کو خطرہ لاحق ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ ایرن پوری قوت کے ساتھ پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔