May ۳۱, ۲۰۱۹ ۰۹:۱۲ Asia/Tehran
  • کوئٹہ میں تکفیری خودکش حملہ آورامام بارگاہ کے دروازے پر ہلاک

کوئٹہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے تکفیری خودکش حملہ آوردہشتگرد کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر واقع ناصرالعزاء امام بارگاہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ رزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آورنے مغرب کے وقت امام بارگاہ ناصرالعزاء میں گھسنے کی کوشش کی۔ حملہ آور خاتون کے لباس میں آیا تھا اورامام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا جہاں پولیس اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کی جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد نے پولیس پر دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر علاج کے لیے سول ہسپتال پہنچادیا گیا ۔

ڈی آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ شہر میں دو خود کش حملہ آوروں کی اطلاع تھی، جمعتہ الوداع کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور سے 12 سے 15 کلو دھماکہ خیز مواد سے لیس خود کش جیکٹ بر آمد ہوئی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا تاہم تاحال کسی بھی تنظیم کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ امام بارگاہ کوئٹہ شہر کے درمیان میں واقع ہے۔

حملے کے بعد کوئٹہ شہر اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے خود کش حملہ ناکام بنانےوالے بلوچستان کانسٹیبلری کے زخمی اہلکار کے لیے 10لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی سند کا اعلان کیا۔

ٹیگس