پاکستان میں خاندانی جھگڑے کے نتیجے میں دس افراد کی ہلاکت
پاکستان کے شہر ملتان کے قریب خاندانی جھگڑے میں مارے گئے دس افراد میں سے بیشتر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق عید کے دن نماز کے بعد ایک ہی خاندان کے دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دس افراد قتل اور سترہ دیگر زخمی ہو گئے تھے- مارے گئے افراد میں سے آٹھ کی نماز جنازہ کے بعد جمعرات کو ان کے آبائی قبرستان میں دفن کر دیا گیا-
ملتان کی تحصیل جلال پور میں یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب کالا جعفر نامی شخص اپنے بیس رشتے داروں کے ساتھ نماز عید کے بعد مسجد سے باہر نکلا تو اس کے چچا غلام نازک کے گروپ نے فائرنگ کر دی-
دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں کالا جعفر اپنے سات ساتھیوں سمیت مارا گیا جبکہ اس کے گروپ کی جوابی فائرنگ میں مخالف گروپ کے تین افراد مارے گئے- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ میں مجموعی طور پر سترہ افراد زخمی ہوئے ہیں-
فائرنگ کے اس واقعے کا وزیراعلی پنجاب نے نوٹس لے لیا اور واقعے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے- اہل علاقہ کے مطابق دونوں گروپوں میں پرانی رنجش تھی - جبکہ پولیس کے پاس ایسی اطلاعات تھیں کہ عید کے موقع پر جھگڑا ہوسکتا ہے-
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے ملتان میں دس افراد کے قتل کے واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایس پی کو معطل کر دیا اور دیگر اعلی پولیس افسران سے جواب طلب کر لیا۔