پاکستان میں حکمراں جماعت کے سینیئر رہنماؤں اور حکومتی عہدیداروں کا ہنگامی اجلاس
پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے حالیہ گرفتاریوں پر حکمراں جماعت کے سینیئر رہنماؤں اور حکومتی عہدیداروں کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی عہدیداروں اور پارٹی رہنماؤں کو اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں پارٹی بیانیے اور حالیہ گرفتاریوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ اجلاس سے قبل بنی گالہ میں سینئر رہنماؤں کے ساتھ مشاورتی نشست بھی ہو گی۔
بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اس اجلاس میں اپوزیشن سے نمٹنے کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز میں کئی اہم سیاسی شخصیات کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شامل ہیں۔
ادھر سابق صدر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کو نو دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا۔ احتساب عدالت نے فریال تالپور کو چوبیس جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔