Jun ۲۷, ۲۰۱۹ ۱۲:۴۱ Asia/Tehran
  • افغان صدر کی وزیراعظم پاکستان سے ملاقات

وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچنے پرپاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔

افغان صدراشرف غنی اور پاکستان کےوزیراعظم عمران خان کے مابین ون آن ون اور اسی طرح وفود کی سطح پربھی ملاقات ہوئی جس میں مختلف شعبوں میں پاک افغان تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں تجارت، معیشت، سیاست، سیکیورٹی، امن کی صورت حال اور تعلیم سمیت مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ افغانستان اورپاکستان کے دیرینہ جغرافیائی اور تاریخی تعلقات ہیں۔

افغان صدر اشرف غنی دورۂ پاکستان کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے اور آج رات وہ صدر پاکستان کے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔

اس سے قبل افغان صدر اشرف غنی 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے، ایئر پورٹ پر مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد نے افغان صدر کا استقبال کیا۔

افغان صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے، جس میں افغان وزراء، تاجر، مشیر اور سینئر حکام شامل ہیں۔

افغان صدر اشرف غنی لاہور بھی جائیں گے، جہاں وہ ایک اہم بزنس فورم میں شرکت کریں گے، فورم میں پاکستان اور افغانستان کے تاجر نمائندے شریک ہوں گے۔

افغان صدر اس سے قبل نومبر 2014ء اور دسمبر 2015ء میں پاکستان آچکے ہیں، حال ہی میں صدر اشرف غنی اور وزیر اعظم عمران خان کے مابین ٹیلی فون پر بات ہوئی تھی۔

پاکستان کی میزبانی میں حال ہی میں بھوربن میں افغان امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں افغانستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں اور گروپوں کے رہنما اور نمائندوں نے شرکت کی۔

ٹیگس