ایم ڈبلیو ایم رہبر معظم کی زیرقیادت عالمی استعماری قوتوں کے مقابل ڈٹی ہوئی ہے
ایم ڈبلیو ایم نے کہا ہے کہ غیبت امام زمانؑ میں ولی فقیہ اور مراجعین کا کرادر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کے زیراہتمام تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر تے ہوئےکہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ داعش جیسے وحشی گروہ کے مقابل آئمہ اطہارؑ کے مزارات مقدسہ اور عتبات عالیات کا تحفظ اور دفاع، ولی امر مسلمین حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور دیگر مراجعین کی بابصیرت قیادت کی بدولت ہی ممکن ہوا۔
علامہ راجہ ناصرعباس کا کہنا تھا کہ اتحاد اور وحدت کا فروغ ہمارا منشور ہے، حضرت امام خمینی(رح) نے بھی تمام مکاتب فکر کو اتحاد کی دعوت دی اور اسی وحدت کی بدولت ایران میں انقلاب برپا ہوا۔
انہوں نے قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کے حوالے سے کہا کہ اسلام آباد کے پریڈ ایونیو میں شاندار اور تاریخی اجتماع ہوگا، جس میں ملک بھر سے عاشقان حسینی شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد کے اسلوب و روش پر چلتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین آج بھی رہبر معظم انقلاب اسلامی کی زیر قیادت عالمی استعماری قوتوں کے ناپاک عزائم کے مقابل میدان عمل میں ڈٹی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فرقہ واریت کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، فرقوں سے قوم کا بہت نقصان ہوا ہے، ملت اسلامیہ کو سب سے زیادہ نقصان فرقہ واریت نے پہنچایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نظام ولایت مکتب تشیع کے درمیان نقطہ وحدت ہے۔ اسلام کو دین و سیاست کی جدائی نے نقصان پہنچایا۔