پاکستان: گانے سننےاور خواتین کے باہر نکلنے پر طالبان کی پابندی
اس طرح کے بیان طالبان کی جانب سے ماضی میں بھی جاری کئے جا چکے ہیں ۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے عوام کو اونچی آواز میں گانے سننے، پولیو کے قطرے پلانے اور خواتین کا بغیر کسی محرم کے باہر نکلنے سے خبردار کرتے ہوئے ایسا کرنے پر سخت نتائج بھگتنے کے اعلان کردیا۔
طالبان کا کہنا تھا کہ گھروں کے اندر یا باہر ڈی جے کا استعمال نہیں ہوگا اور جو ہمارے انتباہ کو نظر انداز کرے گا وہ نتائج کا خود ذمہ دار ہوگا۔
پولیو ورکرز سے انہوں نے مہم کے دوران بچوں کے انگلیوں پر نشان لگانے کو کہا تاہم انہوں نے قطرے پلانے سے خبردار کیا اور کہا کہ ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔
ٹی ٹی پی نے کمپیوٹر اور دیگر دکانوں پر اونچی آواز میں گانے سننے سے بھی خبردار کیا گیا اور کہا گیا کہ جس دکان سے ایسی آواز آئی اسے اڑا دیا جائے گا۔
طالبان نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو اکیلے گھروں سے نہیں نکلنا چاہیے کیونکہ یہ ہمارے معاشرے کے لیے خطرناک ہے، ہر 3 میں سے ایک شخص ہمارا مخبر ہے اس لئے احکامات پر عمل کرو یا نتائج کے لیے تیار ہوجاؤ۔