کشمیریوں کے لئے پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے مکمل حمایت کا اعلان
پاکستانی عوام آج ملک کا تہتر واں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش سے منا رہے ہیں۔
پاکستان کے تہتر ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پورے پاکستان میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے- پاکستانی میڈیا کے مطابق پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں ہوئی جس میں پاکستان کے صدرعارف علوی نے پرچم لہرایا۔
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر شہروں میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں- اس بار پاکستان کے عوام اور حکومت ملک کا یوم آزادی کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور پر منا رہے ہیں-
اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان آج اپنا یوم آزادی، یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔
پاکستان کے صدر نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیر کے بارے میں جو قدم اٹھایا ہے پاکستان اس کو سلامتی کونسل میں لے جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کو اطمینان دلایا کہ وہ ان کے حق خود اردایت کی حمایت جاری رکھیں گے-
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے بہت بڑی غلطی کی ہے اور اس کی انہیں قیمت چکانی ہو گی-