پاکستان کا مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ
پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے چیئر مین کو ایک خط ارسال کرکے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر سے متعلق تازہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے ۔
شاہ محمود قریشی نے یہ خط اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کے ذریعے سیکورٹی کونسل کو بھجوایا ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے درخواست کی ہے کہ یہ خط فوری طور پر سیکورٹی کونسل کے تمام اراکین تک پہنچادیا جائے ۔انھوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے جموں و کشمیر سے متعلق آئین کی دفعہ تین سو ستر ختم کرنے کے اقدام کے بعد نئی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔
انھوں نے ہندوستان کے اس اقدام کو اقوام متحدہ کے منشور اور آئین کے منافی قرار دیا ہے ۔پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے چیئر مین کے نام اپنے خط میں لکھا ہے کہ اسلام آباد اپنی حفاظت کے لئے کسی بھی حدتک جانے کے لئے تیار ہے ۔