پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت پر ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ میں طلب
پاکستان نے ایل او سی کی خلاف ورزی پر پاک فوج کے تین اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوروف آہلو والیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے۔
ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ ہندوستانی فوج نے لیپا اور بٹل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کی وجہ سے 3 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی جانب سے 2017 سے فائر بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، ہندوستان دو سالوں میں 1970 مرتبہ فائر بندی کی خلاف ورزیاں کرچکا، جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے، ہندوستانی اقدام انسانی عظمت، عالمی انسانی حقوق اور قوانین کے خلاف ہے۔
یاد رہے کہ 13 اگست کو ایل او سی پر تتہ پانی کے مقام پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھی ایک روز قبل ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا تھا۔