Nov ۰۶, ۲۰۱۹ ۰۳:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان؛ حضرت امام مہدی(عج) کی شان میں گستاخی کی اہل سنت اورعیسائی رہنماؤں نے بھی کی مذمت / پھانسی دینےکا مطالبہ

پاکستان میں حضرت امام مہدی(عج) کی شان اقدس میں گستاخی کے خلاف جہاں اس ملک کے شیعہ مسلمان سراپا احتجاج ہیں وہیں سنی اورعیسائی رہنماؤں نے بھی اس کی مذمت کرتے ہوئے گستاخ کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔

پاکستان کےضلع کرم کے مذہبی، سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے امام مہدی (عج) کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کی اور گستاخی کے مرتکب عبدالستار جمالی کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ۔ پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طوری بنگش قبائل کے رہنما حاجی سردار حسین، علامہ یوسف حسین، علامہ اخلاق حسین، اہلسنت رہنماء حاجی میر زمان بنگش، پادری دلدار مسیح نے کہا کہ کوئی بھی مذہب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، آئمہ اطہار (ع( اور صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کی اجازت نہیں دیتا، اس لئے امام مہدی (عج) کی شان میں گستاخی کا مرتکب عبدالستار جمالی واجب القتل ہے اور اسے فوری طور پر پھانسی پر لٹکایا جائے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس قسم کی گستاخانہ حرکتیں پاکستان میں انتشار کو ہوا دینے کیلئے کی جارہی ہیں، جو کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔

 دوسری جانب حضرت امام مہدی(عج) کی شان اقدس میں گستاخی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے اور کراچی کے غیور عوام نے امام زمانہ (عج) کی شان میں کی جانے والی گستاخی کے خلاف بریٹو روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاج میں شریک مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ گستاخ امام زمانہ (عج) کو فی الفور پھانسی دی جائے۔

ادھرجیکب آباد کے شیعہ مسلمانوں نے گستاخِ اہل بیت (ع) کی گرفتاری کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر گستاخ امام زمانہ (عج) کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کئی گھنٹے جاری رہا۔

مظاہرین سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام مہدی علیہ السلام پر ایمان تمام مسلمانوں کا مشترکہ عقیدہ ہے، ان کے فضائل تمام آسمانی کتابوں میں بیان ہوئے ہیں، تورات، زبور، انجیل اور قرآن کریم نے اس منجی عالم بشریت کی عظمت و صداقت کا تذکرہ کیا ہے، قرآن کریم کی 313 آیات کریمہ امام مہدی علیہ السلام کی شان میں نازل ہوئی ہیں، ان کی شان میں گستاخی سے کروڑوں انسانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ  چند روز قبل دادو کے گوٹھ پھلجی تحصیل جوہی کے کالعدم دہشت گرد گروہ کے گستاخ عبدالستار جمالی نے حضرت امام مہدی (عج) کی شان میں گستاخی کی تھی جس کے بعد پاکستان بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے۔

ٹیگس