Nov ۰۶, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • پاکستان: چپ تعزیے کا جلوس برآمد، سکیورٹی ہائی الرٹ

سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پرحضرت امام زمانہ (عج)، رہبرانقلاب اسلامی اورتمام سامعین اور ناظرین کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

پاکستان اور ہندوستان کے مختلف شہروں میں حضرت امام حسن عسکری (ع) کی شہادت کے موقع پر کل رات سے ہی عزاداری کا سلسلہ شروع ہوا جو آج مغرب کی نماز تک جاری رہے گا۔ اسی سلسلے میں آج صبح پاکستان کے شہرکراچی کے نشتر پارک سے چپ تعزیے کا مرکزی جلوس برآمد ہوا جبکہ نکلنے والے چپ تعزیے کے مرکزی جلوس سے پہلے مجلس سے علامہ علی کرار نقوی نے خطاب کیا۔

کراچی میں چپ تعزیے کے جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور افسران کو تعینات کیا گیا ہے، رینجرز کی بھی نفری سیکیورٹی پر تعینات ہے جبکہ جلوس کے روٹ پرعام ٹریفک کا داخلہ منع ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق چپ تعزیے کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہو کر سولجر بازار روڈ، ہولی فیملی اسپتال روڈ، کیپری، صدر دوخانے سے پریڈی اسٹریٹ، تبت چوک، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، بمبئی بازار سے  ایرانیان امام بارگاہ پہنچے گا۔

حسینیاں ایرانیاں امام بارگاہ پر مجلس کے بعد جلوس نور باغ مسافر خانہ پہنچے گا۔

جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والے راستوں کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس اور رینجرز نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہوئے ہیں۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے اس کے روٹ اور اطراف میں 78 پولیس موبائلز، 65 موٹر سائیکلیں، 7بکتر بند، 6پرائیویٹ وینز استعمال کی جا رہی ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں گزشتہ رات سے آج شب 12 بجے تک ڈبل سواری پر پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ جلوسوں کے روٹس پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہے گی۔

واضح رہے کہ آٹھ ربیع الاول کو فرزند رسول خدا حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کو عراق کے شہر سامراء میں زہر دغا سے شہید کردیا گیا تھا۔

ٹیگس