پاکستان مغرب کا گروی اورامریکہ کی کالونی ہے: مولانافضل الرحمٰن
جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم اس ملک میں غلام بن کر زندگی نہیں گزاریں گے، خدا کے لئے ہمیں آئین اور قانون کے دائرے میں رہنے دو۔
اسلام آباد میں آزادی مارچ اور سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےمولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پاکستان کوعملی طور پر امریکا کی کالونی کیساتھ ساتھ مغرب کا گروی بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ لاکھوں مسلمانوں نے ملک کے لیے قربانیاں دیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ دوستی ہم نے امریکہ اور یورپ سے بھی کی ہے لیکن غلامی قبول نہیں کریں گے ہم دنیا میں عزت و وقار سے جینا چاہتے ہیں، ہم دنیا میں اور خطے میں اپنے دوست بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہی بابری مسجد مسلمانوں سے لے لی گئی ہے اور تم نے کرتارپور کا افتتاح کردیا ہے ۔
جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان عظیم مقاصد کے لئے حاصل کیا گیا، لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں، پاکستان کو مغرب کا گروی بناکر رکھ دیا گیا ہے، پاکستان کو کالونی بنا دیا گیا ہے، نام ہم آزادی کا لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے سال نومبر میں پہلا ملین مارچ کراچی میں کیا تھا، آج آزادی مارچ سیرت کانفرنس میں تبدیل ہوا ہے، دنیا کو پیغام جارہا ہے کہ پاکستان کے عوام حضور(ص) سے کس قدر محبت رکھتے ہیں۔