پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو سکھ برادری نے ایوارڈ سے نوازا
کرتار پور راہداری کھولنے پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو سکھ برادری نے ایوارڈ سے نوازا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق لندن کی سکھ برادری نے کرتار پور راہداری کھولنے پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو ایوارڈ سے نوازا ہے ۔ اس رپورٹ کے مطابق یہ ایوارڈ لندن میں ایک پر وقار تقریب میں عمران خان کی جانب سے ان کے مشیر صاحب زادہ جہانگیر نے حاصل کیا۔اس تقریب سے خطاب میں پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر صاحب زادہ جہانگیر نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھل جانے سے سکھوں اور مسلمانوں کے درمیان ہم آہنگی اور محبت بڑھے گی ۔
یاد رہے کہ ہندوستان سے پاکستان جانے والے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لئے کرتار پور راہداری کا گزشتہ نو نومبر کو باقاعدہ افتتاح وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کیا تھا۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں اس راہداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہندوستان کے ساتھ اپنے تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی خواہش کا بھی اعلان کیا تھا ۔کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ ، عمران خان کے دوست، سابق کرکٹر اور سیاستداں نوجوت سنگھ سدھو سمیت ہندوستان کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی تھی ۔