Nov ۲۴, ۲۰۱۹ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
  • امریکہ، پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے: رضا ربانی

رضا ربانی نے سی پیک پر امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کو پاکستانی کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ امریکا کا سی پیک سے متعلق بیان اشتعال انگیز ہے۔

ایک بیان میں رضا ربانی نے سی پیک پر امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کو پاکستانی کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان کا دیرینہ اور قابل اعتماد اسٹریٹجک ساتھی ہے، امریکی بیان خود مختار ملک پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے، جس کی اپنی معیشت اور قومی سیکیورٹی ترجیحات ہیں، پاکستان کے عوام کو امریکا کے نام نہاد تعلقات کا بار بار تجربہ ہوچکا ہے۔

سینیٹر رضا ربانی نے امریکا کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان کی معاشی، سیاسی اور علاقائی خود مختاری کا احترام کرے۔

دوسری جانب پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کسی کے خلاف نہیں ہیں۔ ایلس ویلز کے پاک - چین اقتصادی راہداری پر خدشات درست نہیں۔ پاکستان چین کی دوستی سے پیچھے ہٹے گا نہ ہی کسی کی لڑائی کا حصہ بنے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ امریکی خارجہ امور کی نائب سیکرٹری ایلس ویلز کا تجزیہ پاک - چین اقتصادی راہداری پر درست نہیں۔ سی پیک ہی ہماری اوّلین ترجیح ہے، کسی کے کہنے پر دوست ملک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کر سکتے۔

ٹیگس