Nov ۲۷, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۴ Asia/Tehran
  • پاکستان کے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی وجہ سامنے آگئی

پاکستانی وزیر نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پاک و ہند کے کشیدہ حالات کے پیش نظرکی گئی۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں اس ملک کے وزیراعظم  عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کی نئی سمری پیش کی گئی، جسے وفاقی کابینہ کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر منظور کرلیا، اور سمری حتمی منظوری کے لئے صدر مملکت عارف علوی کو بھیج دی گئی ہے۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کو اختیار ہے کہ وہ صدر کو تجویز دیں، صدر نے وزیراعظم کی تجویز پر آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی، اور یہ سب پاک و ہند کے کشیدہ حالات کے پیش نظرکیا گیا، پوری قوم اور دنیا کو پتہ ہے کہ ایل اوسی پر کشیدگی اور ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی صورتحال بھی غیرمعمولی ہے۔

واضح رہے کہ کل پاکستان کی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا، وفاقی کابینہ نےآرٹیکل 255 کے رولز میں ترمیم کرتے ہوئے آرمی رولز 255میں لفظ توسیع کااضافہ کیا گیا ۔

 

ٹیگس