Dec ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۹:۰۹ Asia/Tehran
  • حزب اختلاف کے مختلف رہنماؤں کا وفاقی حکومت پر سخت حملہ

پاکستان میں حزب اختلاف کے مختلف رہنماؤں نے وفاقی حکومت پر سخت حملے کئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان، سینیٹر سراج الحق نے منصورہ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں عمران خان کی حکومت کو معاشی بحران، بے روزگاری اور مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے بائیس کروڑ عوام پر مہنگائی اور بے روزگاری کے کوڑے برسائے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان نے تبدیلی کے نام پر قوم کو سبز باغ دکھائے لیکن ملک کے نوجوانوں کے ساتھ زیادتی کی گئی اور قوم کا اصل سرمایہ برباد کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کی حکومتی ٹیم سے قوم کو مایوسی کے سوا اور کچھ نہ ملا۔

دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیئر رہنما، سینیٹر شیری رحمان نے سکھر میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت میں نہ کوئی پالیسی ہے، نہ انصاف ہے، نہ احتساب ہے بس انتقام ہے۔ انھوں نے بھی مہنگائی کا ذمہ دار موجودہ حکومت کو قرار دیا۔ اسی کے ساتھ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کا کہنا ہے کہ اب حکومت کو مزید مہلت دینے کا وقت ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی فیصلہ کرے تو نشستوں سے بھی استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب حکومت کو مزید مہلت دینے کا وقت گزر چکا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل حکومتی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی نے حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دی تھی۔

ٹیگس