آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع، حکومت کی سپریم کورٹ میں نظرثانی کی اپیل
پاکستان کی وفاقی حکومت نے بری فوج کے سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل دائر اور لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے بتایا ہے کہ نظر ثانی کی یہ درخواست سپریم کورٹ کے فیصلے کے تفصیلی جائزے کے بعد دائر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی قانونی ٹیم اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ بری فوج کے سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق عدالتی فیصلے میں کئی قانونی خامیاں پائی جاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ بری فوج کے سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حکومت کو چھے ماہ کے اندر آرمی ایکٹ میں ترمیم کرنے کا حکم دیا ہے۔