پاکستان میں مسنگ پرسنز کی رہائی کیلئے مظاہرہ
پاکستان میں مسنگ پرسنز کی رہائی کیلئے مظاہرہ احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے زیراہتمام پانچ ماہ سے لاپتہ یافث نوید ہاشمی ایڈووکیٹ اور دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کے سلسلے میں پریس کلب ملتان کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی اور حکومت سے فی الفور یافث نوید ہاشمی کی بازیابی کا مطالبہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے کو علامہ اقتدار حسین نقوی و دیگر رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ پانچ ماہ سے یافث نوید ہاشمی ایڈووکیٹ کے لاپتہ ہونے کے باعث ان کے اہلخانہ بازیابی کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں لیکن کہیں سے بھی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر خارجہ اورحکومت سے مطالبہ کیا کہ یافث نوید ہاشمی ایڈووکیٹ سمیت دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں مسنگ پرسنز کا مسئلہ صرف صوبہ پنجاب میں نہیں ہے بلکہ صوبہ سندھ اور صوبہ بلوچستان میں بھی مسنگ پرسنز اب ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے اور آئے روز ان کی رہائی اور بازیابی کے لئے مظاہرے ہو رہے ہیں۔