Jan ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۳:۰۱ Asia/Tehran
  • ایم کیو ایم نے عمران خان کی حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے وفاقی کابینہ سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

کراچی میں متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وفاقی کابینہ سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ سربراہ ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے جس تعاون کا حکومت سے وعدہ کیا تھا وہ کرتے رہیں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم اس وقت نئے مرحلے سے گزر رہی ہے، ہم نے حکومت سے وعدہ کیا تھا کہ حکومت بنانے میں آپ کی مدد کریں گے، ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا، لیکن ہمارے ایک نقطے پر بھی اب تک پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ ایسی صورتِ حال میں میرے لیے مشکل ہو جاتا ہے کہ میں حکومت میں بیٹھا رہوں، میرا وزارت میں بیٹھنا بہت سارے سوالات کوجنم دیتا ہے۔

کنوینر ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ہم نے وزارت قانون وانصاف نہیں مانگی تھی، فروغ نسیم کابینہ نہیں چھوڑ رہے، پہلے تجربے کی کمی سمجھتے رہے لیکن اب لگتا ہے سنجیدگی ہی نہیں، ان ساری چیزوں کا پیپلز پارٹی کی پیشکش سے لینا دینا نہیں،ہم حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔

ٹیگس