Jan ۱۷, ۲۰۲۰ ۰۸:۱۹ Asia/Tehran
  • ایران اور سعودی عرب،  پاکستان کے بہترین دوست ہیں: عمران خان

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک کے لیے ان کے مفادات زیادہ اہم ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس میں غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو کے دوران کہا کہ ایران اور سعودی عرب عظیم ترین دوستوں میں سے ہیں اوران کے ساتھ تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں۔ ہمارا خطہ ایک اور تنازع کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ ایران اور سعودی عرب کے مابین تعلقات خراب نہ ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہمسایہ ملک افغانستان بھی ہے۔ افغانستان میں قیام امن کے لیے بہترین کوششیں کر رہے ہیں، ایسا ملک جس نے 40 برسوں میں مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ ہماری دعا ہے کہ طالبان، امریکا اور افغان حکومت مل کر قیام امن کی منزل حاصل کر لیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے مغربی ممالک کے لیے ان کے تجارتی مفادات زیادہ اہم ہیں۔ ہندوستان بڑی منڈی ہے اور 80 ملین کشمیریوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اور جو کچھ ہندوستان میں مجموعی طور پر اقلیتوں کے ساتھ بھی، اس پر بین الاقوامی برادری کے رویے میں سرد مہری پائی جاتی ہے۔ ہندوستانی شہریت کا قانون واضح طور پر اقلیتوں کے خلاف ہے، خاص طور پر ہندوستان کے 200 ملین (20 کروڑ) مسلمانوں کے خلاف ہے، ان تمام امور پر دنیا کے خاموش رہنے کی وجہ زیادہ تر تجارتی مفادات ہیں۔

ٹیگس