Feb ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۷:۴۸ Asia/Tehran
  • چین میں پھنسے پاکستانی شہری اور ہائیکورٹ کا حکومت کو نوٹس

پاکستان میں اتوار سے کورونا وائرس کی تشخیص کا کام شروع ہوجائے گا۔

پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق ، پاکستان کے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے سنیچر کو اسلام آباد میں صحافیوں کو بتایا کہ اتوار سے ملک کے اندر کورونا وائرس کی تشخیص ممکن ہوجائے گی۔ انھوں نے کہا کہ مختلف ملکوں میں کورونا وائرس کے ایک انسان سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے عالمی ادارہ صحت کی ہدایت پر، چین کے شہر ووہان سے پاکستانی شہریوں کو نہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستانی وزیراعظم کے معاون خصوصی برای امور صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے صحافیوں کو بتایا کہ شہرووہان میں ایک سو بیس ملکوں کے شہری رہائش پذیر ہیں اور ان میں سے صرف سات آٹھ ملکوں نے اپنے شہریوں کو واپس بلایا ہے۔انھوں نے کہا کہ اسلام آباد حکومت کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومت چین کے اقدامات پراعتماد ہے اور پاکستان اس مشکل وقت میں چین کے ساتھ کھڑا ہے۔

دوسری طرف اسلام آباد ہائی کورٹ نے کورونا وائرس پھیلنے کے بعد چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی درخواست کو قابل سماعت قرار دے دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی، کورٹ نے حکومت پاکستان کو نوٹس جاری کرکے استفسار کیا ہے کہ حکومت نے اس سلسلے میں کیا کیا ہے؟ عدالت نے حکومت کو گیارہ فروری تک رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو سو ساٹھ سے تجاوز کرگئی ہے ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں سے سے ستانوے فیصد افراد صحت یاب اور تین فیصد موت سے ہمکنار ہورہے ہیں ۔

ٹیگس