پاکستان کی قومی اسمبلی میں ترک صدر کا خطاب
ترک صدر رجب طیب اردوغان نے جمعے کو اسلام آباد میں قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ پاکستان ان کے لئے دوسرے گھر کا درجہ رکھتا ہے ۔
ترک صدر رجب طیب اردوغان نے جمعے کو اسلام آباد میں قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ پاکستان ان کے لئے دوسرے گھر کا درجہ رکھتا ہے ۔انھوں نے اپنے اس خطاب میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے میں ان کا موقف بھی وہی ہے جو پاکستان کا ہے۔ انھوں نے کشمیر کے تعلق سے ہندوستان کی پالیسیوں اور اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر جبری پالیسیوں سے نہیں بلکہ انصاف کے ذریعے ہی حل ہوسکتاہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوغان نے پاکستان کی قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات میں فروغ آرہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ ترک تاجروں اور صنعتکاروں کا ایک بڑا وفد لیکر پاکستان آئے ہیں اور اپنے اس دورے میں اقتصادی اور تجارتی روابط کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی کوشش کریں گے۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کے مثبت اقدامات سے سرمایہ کاری اور تجارت کے لئے ماحول سازگار ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ ایف اے ٹی ایف کے دباؤ کے باوجود پاکستان کا ساتھ دینے کا یقین دلاتے ہیں