پاکستان اور ہندوستان میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ
Mar ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۷:۳۳ Asia/Tehran
پاکستان میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد تین سو دس اور ہندوستان میں بیاسی ہو گئی ہے۔
پاکستان کے صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دو سو گیارہ، خیبر پختون خواہ میں انیس، پنجاب میں تینتس، بلوچستان میں تیئس، گلگت بلتستان میں تیرہ اور اسلام آباد میں چار بتائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملتان میں سات مریضوں کو کورونا کے شبہے میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک دو اموات کا اعلان کیا گیا ہے ۔یہ دونوں اموات مردان اور پشاور میں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
اسی کے ساتھ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے ایک جگہ دس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ادھر ہندوستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد تین بتائی گئی ہے اور اس وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد، ہندوستانی ذرائع کے مطابق ایک سو بیاسی ہے۔ اس درمیان دہلی کے صفدر جنگ اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے شہبے میں داخل کرائے گئے ایک شخص نے اسپتال کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کے خود کشی کرلی۔
بتایا گیا ہے کہ یہ شخص سڈنی سے بدھ کی شام ساڑھے پانچ بجے نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر اترا تھا اور سردرد کی شکایت پر رات نو بجے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
اسی کے ساتھ دہلی کے سبھی سرکاری اور غیر سرکاری اسکولوں کو اکتیس مارچ تک بند کر دیا گیا ہے۔