پاکستان، کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ
Apr ۱۱, ۲۰۲۰ ۲۱:۲۶ Asia/Tehran
پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد چار ہزار نو سو ستر جبکہ اموات ستہتر ہو گئی ہیں۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق ملک میں سات سو باسٹھ افراد کورونا سے صحتیاب ہوکے اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ چار ہزار ایک سو اکتیس افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے پینتالیس کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔
پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی رپورٹ کے مطابق پنجاب بدستور کورونا سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے جہاں کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد دو ہزار تین سو چھتیس بتائی گئی ہے۔
دوسرے نمبر پر سندھ آتا ہے جہاں کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک ہزار دو سو چودہ ہے جبکہ سندھ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بائیس ہو چکی ہے ۔
صوبہ سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں صوبے میں کورونا کے ایک سو چار نئے مریضوں کا پتہ چلا ہے ۔
خیبر پختونخوا میں چھے سو چھپین افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے پچیس افراد موت سے ہمکنار ہوچکے ہیں ۔
بلوچستان میں دوسو بیس، گلگت بلتستان میں دو سو پندرہ، اسلام آباد میں ایک سو اٹھارہ اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد چونتس ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول کے مطابق اب تک ملک میں کورونا کے چون ہزار سات سو چھے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔