پاکستان میں کورونا متاثرین اور اموات میں اضافہ
Apr ۱۳, ۲۰۲۰ ۲۳:۵۰ Asia/Tehran
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد پانچ ہزار چارسو سے زائد اور اموات پچانوے ہوگئ ہیں۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھٹنے میں کورونا سے مزید نو افراد کے موت سے ہمکنار ہو جانے کے بعد اس وبائی بیماری میں مرنے والوں کی تعداد پچانوے ہو گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین سو چھتیس نئے معاملات کے اندراج کے بعد کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد پانچ ہزار چار سو اٹھتر ہو گئی ۔ اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اب تک ایک ہزار پچانوے افراد کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں ۔
پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے صوبہ پنجاب سب سے آگے ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد دو ہزار پانچ سو چودہ ہو چکی ہے اور ہلاکتیں تیئیس ہو چکی ہیں۔
دوسرا نمبر صوبہ سندھ کا ہے جہاں کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک ہزار چار سو گیارہ بتائی گئی ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا متاثرین کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد سات سو چوالیس ہو چکی ہے۔ بلوچستان میں متاثرین کی تعداد دو سو تیس، گلگت بلتستان میں دو سو چوبیس، اسلام آباد میں ایک سو اکتس اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں متاثرین کی تعداد چالیس بتائی گئی ہے۔
لیکن کورونا سے ہلاکتیں سب سے زیادہ ، چونتس خیبر پختونخوا میں ، اس کے بعد سندھ میں تیس اور پنجاب میں تیئس اموات کا اندارج کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان میں تین، بلوچستان میں دو اور اسلام آباد میں ایک شخص کے کورونا سے مرنے کی خبر ہے۔
پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار دو سو تینتس ٹسٹ انجام دیئے گئے جس کے بعد ملک میں کورونا ٹسٹ کی تعداد پینسٹھ ہزار ایک سو چودہ ہو گئی ہے۔