پاکستان و ہندوستان میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ہندوستان اور پاکستان میں بھی کورونا میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 15 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 269 ہو گئی۔
ملک بھر میں مزید 700 سے زائد افراد میں کورنا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد کل مریضوں کی تعداد 12 ہزار 723 ہو گئی۔
کورونا وائرس کے ملک میں 9 ہزار 588 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 111 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 ہزار 886 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کا صوبہ پنجاب کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے سرفہرست ہے جہاں 5 ہزار 378 مریض ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کورونا سے ہلاکتوں میں پہلے نمبر پر ہے جہاں کورونا سے اب تک 93 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ادھر ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1990 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کر گئی اور اس دوران اس وبا سے 49 ہلاکتیں ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 824 ہو گئی ہے ۔
ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے اب تک مجموعی 26496 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض شامل ہیں ۔
کورونا سے متاثر لوگ صحت یاب بھی ہو رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے متاثر 741 لوگوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 5804 تک پہنچ گئی ہے ۔